ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / محبوبہ مفتی نے حد بندی کمیشن سے ملنے سے کیا انکار، بی جے پی برہم

محبوبہ مفتی نے حد بندی کمیشن سے ملنے سے کیا انکار، بی جے پی برہم

Thu, 08 Jul 2021 00:13:24    S.O. News Service

سری نگر،8؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) بی جے پی جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج ایڈوکیٹ وبودھ گپتا نے کہا کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے حد بندی کمیشن سے ملنے سے انکار کر کے اپنا اصلی رنگ دکھایا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ محبوبہ مفتی کشمیر میں قائم ہو رہے امن و آشتی سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ میں سال گزشتہ ہلاک کیے جانے والے بی جے پی کارکن وسیم باری کی پہلی برسی کے موقع پر بانڈی پورہ میں ہی جمعرات کو ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

موصوف نے یہ باتیں بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'الیکشن کمشنر یہاں آئے ہیں اور محبوبہ مفتی نے ان سے ملنے سے بائیکاٹ کر کے اپنا اصلی رنگ دکھایا ہے مجھے لگتا ہے کہ کشمیر ایک اچھے راستے پر چل رہا ہے جس سے وہ خوش نہیں ہیں'۔ ان کا سوالیہ انداز میں کہنا تھا کہ 'کیا محبوبہ مفتی نہیں چاہتی ہے کہ یہاں ترقی ہو، امن قائم ہو، بچے تعلیم حاصل کریں، محبوبہ مفتی جس راستے کی طرف جار ہی ہے وہ کشمیریوں نے تیس برسوں سے دیکھا جس پر علاحدگی پسند چل رہے تھے'۔

موصوف جنرل سکریٹری نے کہا کہ کشمیر میں پتھر بازی ختم ہوئی ہے، ملی ٹنسی آخری سانسیں لے رہی ہے اور علاحدگی پسندی بھی خاتمے کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر کے گھروں میں علاحدگی پسند لیڈروں کے بجائے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام لیا جا رہا ہے۔ ان کہنا تھا کہ 'ایک دور میں کشمیر کے گھروں میں یاسین ملک، شبیر شاہ اور (سید علی) گیلانی کی باتیں ہوتی تھیں، لیکن آج یہاں ہر گھر میں مودی جی کی باتیں ہو رہی ہیں، حال ہی میں ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک چھوٹی بچی مودی جی کی باتیں کر رہی ہیں'۔

وبودھ گپتا نے کہا کہ کشمیر کے بی جے پی کے کارکنوں نے مودی جی کے امن کا مسیحا بن کر قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باںڈی پورہ میں ہمارے کارکن وسیم باری، ان کے والد اور چھوٹے بھائی نے قربانی دی اور پارٹی جمعرات کو بانڈی پورہ میں ہی ان کی پہلی برسی کے موقع پر ایک تقرہب کا اہتمام کرے گی۔


Share: